Category: نائجیریا

نائیجیریا: مسجد میں بم دھماکا، 26 افراد ہلاک

October 16, 2015
16Oct15_DU نائیجیریا01DU

نائیجیریا کے شمالی شہر مایدوگوری میں اس وقت درجنوں افراد ہلاک ہوگئے جب نماز کی ادائیگی کے دوران مسجد کے قریب ایک بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایک سول ڈیفنس رضاکار نے بتایا ہے کہ مایدوگوری میں مسجد کے قریب ہونے والے دھماکے میں 26 افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوئے۔ رضاکار نے دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ تفصیلات فراہم کی۔ادھر خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ متعدد خود کش حملہ آوروں نے مسجد میں گھس کر اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب نمازی عبادت میں مصروف تھے۔نائیجیریا میں بوکو حرام نامی شدت پسند تنظیم کے خلاف سیکیورٹی فورسز کو مدد فراہم کرنے والے ایک رضا کار اور واقعے کے عینی شاہد موہتری احمدو کا کہنا تھا کہ اس نے دھماکے کے بعد 42 لاشیں گنتی کی ہے۔اس کا کہنا تھا کہ مسجد میں ایک وقت میں 40 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے تاہم اسے یہ معلوم نہیں ہے کہ دھماکے کے وقت مسجد کی عمارت میں نمازیوں کی تعداد کیا تھی۔ احمدو نے بتایا کہ دھماکے میں تمام نمازی ہلاک ہوگئے اور ایک بھی زندہ بچنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

واقعے کے دیگر عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر ہوئے۔واضح رہے کہ مذکورہ خود کش دھماکوں کی ذمہ داری فوری طور پر کسی بھی تنظیم یا گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔خیال رہے کہ سال 2009 میں نائیجیریا میں وجود میں آنے والی شدت پسند تنظیم بوکو حرام سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ فورسز پر حملوں اور شہری مقامات پر دھماکوں میں بھی ملوث ہے۔نائیجیریا میں گذشتہ کئی سالوں سے جاری کشیدہ صورت حال میں اب تک 17000 افراد ہلاک جبکہ 25 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

سعودی سرحد پر کھودی خندقیں تباہ کر دی گئیں: ترجمان

05Apr15_AAانخلا01AA_BU

عرب اتحادیوں کے یمن میں جاری ‘فیصلہ کن طوفان آپریشن’ کے ترجمان بریگیڈئر جنرل احمد عسیری کا کہنا ہے متاثرہ علاقوں سے اتحادی ملکوں کے شہریوں کا انخلاء باہمی کوارڈی نیشن سے کیا جا رہا ہے۔ نیز دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن سے روسی شہریوں کو مصر اور اردن کے جہازوں کے ذریعے نکال لیا گیا ہے۔

دارلحکومت ریاض میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے جنرل عسیری نے کہا کہ ہلال احمر کی امدادی سرگرمیوں کے معطل ہونے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ امدادی پروازیں اتوار کے روز بھی جاری رہیں گی۔ اس سے قبل روس، بھارت، الجزائر، پاکستان اور انڈونیشیا کے شہریوں کو یمن سے نکالا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ملکوں کے شہریوں کے یمن سے انخلاء کا عمل انتہائی نگرانی میں کیا جا رہا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ یمن میں سرگرم ملیشیا کی قیادت کہیں ملک سے فرار نہ ہو جائے۔
جنرل عسیری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بعض عرب ملکوں نے اپنے شہریوں کی سعودی عرب کے راستے انخلاء کی درخواست کی تھی، ان میں متعدد ملکوں کے شہریوں کو سعودی عرب میں زمینی رستے کے ذریعے یمن سے باہر نکال لیا گیا ہے، جبکہ باقی رہنے والوں کو جلد ہی پلان کئے گئے ٹائم ٹیبل کے مطابق علاقے سے باہر نکال لیا جائے گا۔
فیصلہ کن طوفان آپریشن کے ترجمان جنرل عسیری نے بتایا کہ گذشتہ روز یمن۔سعودی سرحد پر وقفے وقفے سے ہونے والی جھڑپوں میں سعودی عرب کے دو سرحدی محافظ کام آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی محافظوں کی بروقت کارروائی سے حملہ آور پسپائی پر مجبور ہوئے۔ ہماری فوج ایسے در اندازوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنرل عسیری کے مطابق علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے اور یمنی در انداز چار سے پانچ افراد کی ٹولیوں میں پہاڑوں کے اندر غاروں میں چھپتے چھپاتے حملے کرتے ہیں۔ گذشتہ شب در اندازی کے مرتکب ان افراد نے سرحد پر خندق کھودنے کی کوشش کی، جسے سعودی سرحدی محافظوں نے ناکام بنا دیا۔”عدن میں یمنی ملیشیاٶں کے خلاف نبرد آزما عوامی مزاحمت کاروں کو فضائی راستے سے اسلحہ کی ڈراپنگ کی جا رہی ہے۔ حوثی ملیشیا عدن شہر کے بعض علاقوں میں اب بھی موجود ہے۔فوجی ترجمان کے مطابق حوثی ملیشیا کے پاس گولا بارود سمیت بڑی تعداد میں جنگی ساز و سامان موجود ہے۔ اسلحہ کے بڑے گودام فضائی حملوں میں تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ سرحدی محافظ سعودی سرحد کے قریب یمنی باغیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ یمن کی متعدد بندرگاہوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے الزام عاید کیا کہ سابق معزول صدر علی عبداللہ صالح نے حوثیوں کو پیش قدمی کا بہترین موقع فراہم کیا۔ باغیوں کی بڑی تعداد جنوبی یمن میں حوثیوں کی سرگرمیوں کے باعث وہاں اپنے قدم جما رہی ہے۔