Category: RAW

خیبر ایجنسی میں خود کش دھماکا، 3 افراد ہلاک

01 September, 2015
1Sep15_DU دھماکہDU

پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات فاٹا کی خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے بازار میں خودکش دھماکے میں خصہ دار فورس کے اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 56 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے فوری بعد خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ فواد وزیر کا کہنا تھا کہ خود کش دھماکے میں خاصہ دار فورسز کے اہلکار سمیت متعدد افراد ہلاک جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے پشاور میں قائم حیات آباد میڈیکل کمپلکس منتقل کیا گیا جبکہ دیگر کو جمرود کے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حیات آباد میڈیکل کمپلکس کے مطابق ہسپتال میں 25 زخمیوں کو لایا گیا ہیں، جن میں سے 6 کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خود کش بمبار اسسٹنٹ پولیٹیکل آفس کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم سخت سیکیورٹی کے باعث اس نے خود کو عمارت کے گیٹ پر ہی بازار میں دھماکے سے اڑا لیا۔دوسری جانب خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شباب علی شاہ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا ہے کہ خود کش بمبار پولیٹکل ایجنٹ کے دفتر میں داخل ہونا چاہتا تھا تاہم سخت سیکیورٹی کے باعث اس نے خود کو اس کے گیٹ پر ہی دھماکے سے اڑا لیا۔خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ خود کش دھماکے کے نتیجے ایک خاصہ دار اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 16 خاصہ دار اہلکاروں سمیت 56 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ باب خیبر کے مقام پر پاک افغان شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور سے ’را‘ کے مزید 4 ایجنٹ گرفتار

31 August, 2015
31Aug15_DU را01
DU

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حساس اداروں نے کارروائی کے دوران ’را‘ سے تعلق کے شبے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق پاکستان اور ہندوستان کے سرحدی گاؤں بسیم سے ہے اور ان ملزمان کو چار روز قبل گرفتار کئے جانے والے را کے مبینہ ایجنٹ سابق پولیس کانسٹیبل کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چار روز قبل حساس اداروں نے واہگہ بارڈر کے قریب بسیم نامی گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا۔سابق پولیس اہلکار الیاس کے حوالے سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ وہ پاکستان آرمی اور پولیس حکام کے حوالے سے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ‘را’ کو معلومات فراہم کرتا تھا
لاہور : ’را کا ایجنٹ‘ سابق پولیس اہلکار گرفتار
ملزم پنجاب پولیس کے محکمہ اسپیشل برانچ کا اہلکار تھا اور 10 سال تک وی وی آئی پیز پروٹیکشن یونٹ میں تعینات رہا۔رپورٹس کے مطابق ملزم گزشتہ 8 سال میں متعدد بار ہندوستان کا سفر کر چکا ہے اور اس کے پاس سے حساس مقامات کے نقشے اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے الیاس کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔اس وقت پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ کسی بھی ’را ایجنٹ‘ سابق پولیس افسر کو حساس اداروں نے گرفتار نہیں کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس حوالے سے ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے حکام سے رابطہ بھی کیا تھا تاہم انھوں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

کراچی: ہندوستان سے تربیت لینے والے 4 دہشتگرد گرفتار

27 August, 2015
27Aug2015_DU دھشت گرد
DU

کراچی: کراچی پولیس نے شہر میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے چار افراد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی محکمے (سی ٹی ڈی) کے ایس پی نوید خواجہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار چاروں افراد نے دہشت گردی کی تربیت مبینہ طور پر ہندوستان سے حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبےمیں خلل ڈالنا تھا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی “را” سے آنے والی فنڈنگ کے بینک اکاؤنٹ ملے ہیں جو تاجروں، صنعت کاروں اور بلڈرز کے ناموں پر ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی سے “را ” کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے کل سے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔نوید خواجہ نے کہا کہ ملزمان نے ہتھیاروں کے حوالے سے بھی بات کی ہے اور ان کی نشاندہی پر کارروائی کی جائے گی اور ہتھیاروں کو برآمد کیا جائے گا۔کسی سیاسی جماعت کی معاملے میں ملوث ہونے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں، تاہم اگر ملزمان نے کسی جانب نشاندہی کی تو کارروائی کریں گے۔