Category: Spying

لاہور سے ’را‘ کے مزید 4 ایجنٹ گرفتار

31 August, 2015
31Aug15_DU را01
DU

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حساس اداروں نے کارروائی کے دوران ’را‘ سے تعلق کے شبے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق پاکستان اور ہندوستان کے سرحدی گاؤں بسیم سے ہے اور ان ملزمان کو چار روز قبل گرفتار کئے جانے والے را کے مبینہ ایجنٹ سابق پولیس کانسٹیبل کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چار روز قبل حساس اداروں نے واہگہ بارڈر کے قریب بسیم نامی گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا۔سابق پولیس اہلکار الیاس کے حوالے سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ وہ پاکستان آرمی اور پولیس حکام کے حوالے سے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ‘را’ کو معلومات فراہم کرتا تھا
لاہور : ’را کا ایجنٹ‘ سابق پولیس اہلکار گرفتار
ملزم پنجاب پولیس کے محکمہ اسپیشل برانچ کا اہلکار تھا اور 10 سال تک وی وی آئی پیز پروٹیکشن یونٹ میں تعینات رہا۔رپورٹس کے مطابق ملزم گزشتہ 8 سال میں متعدد بار ہندوستان کا سفر کر چکا ہے اور اس کے پاس سے حساس مقامات کے نقشے اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے الیاس کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔اس وقت پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ کسی بھی ’را ایجنٹ‘ سابق پولیس افسر کو حساس اداروں نے گرفتار نہیں کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس حوالے سے ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے حکام سے رابطہ بھی کیا تھا تاہم انھوں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

حماس کا اسرائیلی جاسوس ڈولفن پکڑنے کا دعویٰ

20 August, 2015
20Aug15_BBC جاسوسی

BBC
فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے غزہ کے ساحل کے قریب ایک ڈولفن پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جو تنظیم کے بقول اسرائیلی جاسوس ہے۔
مقامی اخبار القدس کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ ڈولفن پر جاسوس کے آلات نصب ہیں جن میں کیمرے بھی شامل ہیں۔بظاہر یہ ڈولفن حماس کے بحری یونٹ نے پکڑی ہے جس کے بعد اسے ساحل پر لایا گیا ہے۔ البتہ حماس کی جانب سے اس ڈولفن کی کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی ہے۔القدس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے اس ڈولفن کو اس کی مرضی کے خلاف ایک ’قاتل‘ میں تبدیل کر دیا تھا۔اخبار کے مطابق اس سے حماس کے بحری جنگی یونٹ کی تشکیل پر اسرائیل کا ’غصہ اور بےچینی‘ بھی ظاہر ہوتی ہے۔اسرائیلی حکام نے جاسوس ڈولفن پکڑنے جانے کی اطلاعات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔اسرائیل غزہ کی زمینی، بحری اور فضائی سرحدوں کو کنٹرول کرتا ہے اور یہ پہلا موقع نہیں کہ اسرائیل پر جانوروں یا پرندوں کو جاسوسی کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگا ہو۔سنہ 2010 میں اسرائیل نے مصر کے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا کہ بحیرۂ احمر میں شارک مچھلیوں کے حملوں کے پیچھے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کا ہاتھ تھا۔اس واقعے کے چند ہفتے بعد سعودی عرب میں جی پی ایس ٹرانسمیٹر سے لیس ایک گدھ پکڑا گیا تھا اور اسے بھی موساد کی کارروائی قرار دیا گیا تھا۔