سندھ کی تقسیم ایم کیو ایم کی خواہش ہے

28Apr15_DUسندھDU_BU

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کسی صورت سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے، سندھ کی تقسیم ایم کیو ایم کی ایک ایسی خواہش ہے جو کبھی پوری نہیں ہوگی
پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سے جاری ایک بیان میں ان کا کہناتھا کہ اگر کوئی سندھ میں نیا صوبہ بنانا چاہتا ہے تو کھل کر بات کرے، عوامی مطالبہ کے پیچھے چھپ کر بات نہ کرے، سندھ میں نئے صوبے کا مطالبہ سندھ کے لوگوں میں دوریاں پیدا کرنے کا سبب بنے گا اس سے اجتناب کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے لندن میں مقیم قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سندھ کے شہری عوام کی جانب سے یہ متفقہ رائے سامنے آرہی ہے کہ اب سندھ میں مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک نئے صوبے کا قیام ضروری ہے خواہ اس علیحدہ صوبے کا نام کراچی صوبہ ہو، شہری صوبہ ہو، سندھ-ون سندھ-ٹو صوبہ ہو یا کچھ اور ہی کیوں نہ ہو، عوام کی رائے میں اب سندھ میں ایک اور صوبے کا قیام مقدر بن چکا ہے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ (فنکشنل) کی رکن نصرت سحر عباسی نے تقسیم کی بات کرنے والوں کو سازشی قرار دے دیا۔نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ جو لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کرتے ہیں ان کی سازشوں کے خاتمے کی دعا کرائی جائے۔

کراچی کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے: الطاف حسین
پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی خیر النساء مغل نے کہا کہ جن کو سندھ میں پناہ دی گئی وہ آج اس کی تقسیم کی بات کررہے ہیں۔خیرالنساء مغل کے بیان پر متحدہ قومی موومنت کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے جواب دیا کہ ملک کسی کی جاگیر نہیں بلکہ سب کا ہے۔سید سردار احمد نے کہا کہ ہجرت کرکے آنے والوں کو کسی نے گود نہیں لیا، سب مرضی سے آئے تھے، ایسے الفاظ واپس لیے جائیں۔

Leave a comment